عالمی برادری کشمیر کا مسئلہ حل کرائے، پاکستانی قونصل جنرل جدہ کا یوم شہدائے کشمیر کی تقریب سے خطاب

عالمی برادری کشمیر کا مسئلہ حل کرائے، پاکستانی قونصل جنرل جدہ کا یوم شہدائے ...
عالمی برادری کشمیر کا مسئلہ حل کرائے، پاکستانی قونصل جنرل جدہ کا یوم شہدائے کشمیر کی تقریب سے خطاب

  

جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب کے شہر جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ 13 جولائی کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، یہ وہ دن ہے جب کشمیریوں کے خون سے تاریخ لکھی گئی، وہ یہاں پاکستانی قونصلیٹ میں یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی متواتر قراردادوں کے ذریعے عالمی برادری کے کشمیری عوام سے وعدے کے مطابق ، غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حقیقی حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں کوئی بامعنی امن ممکن نہیں ہے۔

اس موقع پر کشمیر کمیٹی جدہ ، جموں و کشمیر، کشمیر کمیٹی اور سمندر پار برادری کے منتخب ارکان نے شرکت کی۔ شرکا نے 13 جولائی 1931 کو 22 بہادر کشمیریوں کے سفاک ڈوگرہ افواج کے ہاتھوں شہادت کے واقعے پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلگتے ہوئے مسئلے کو جلد حل کرائے ۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -