آئی ایم ایف پاکستان کو کتنی رقم فراہم کرنے جا رہا ہے ، مفتاح اسماعیل نے واضح کر دیا

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کیساتھ ساتویں اور آٹھویں جائزے کے معاملات طے پا گئے ہیں ،معاہدے کے تحت ایک ارب 17 کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کیے جائیں گے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کے لیے کاوشوں پر وزیراعظم، ساتھی وزراء، سیکرٹریز اور فنانس ڈویژن کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
Pakistan and IMF have reached an agreement. We will soon receive $1.17b as the combined 7th & 8th tranche. I want to thank the PM, my fellow ministers, secretaries and especially the finance division for their help and efforts in obtaining this agreement. https://t.co/376sCHLc1Y
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) July 14, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا پاکستان کے ساتھ ساتویں اور آٹھویں جائزے کے معاملات طے پا گئے ہیں تاہم آئی ایم ایف بورڈ معاہدے کی حتمی منظوری دے گا،اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اس کے ساتھ مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔
آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکسپورٹ ری فنانس سکیمیں شرح سود سے منسلک رہیں گی، کرپشن کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان میں الیکٹرانک طور پر اثاثے ظاہر کرنے پر کام ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں کی اثر انگیزی بہتر کرنے کے لیے کام کرے گی۔