بلوچستان میں دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا ءکے بعد شہید کردیا

بلوچستان میں دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا ءکے بعد شہید کردیا
بلوچستان میں دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا ءکے بعد شہید کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کے ترجمان نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے اغواء اور شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں زیارت سے گزشتہ شب دہشت گرد اغوا کر کے لےگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 12 اور 13 جولائی کی شب دہشت گرد گروپ کے 10 سے 12 افراد نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا بیگ اور اُن کے عزیز عمر جاوید کو زیارت کے علاقے ورچوم سے اُس وقت اغوا ءکیا جب وہ قائد اعظم ریزیڈنسی سے واپس کوئٹہ آرہے تھے۔ لیفٹیننٹ کرنل کے اغواء کی خبر موصول ہوتے ہی آرمی اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دہشت گردوں کی گاڑیوں کا پیچھا کیا جو منگی دم کے گنجان آباد علاقے کی طرف روانہ ہوئیں تھیں۔

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا، جس میں ایس ایس جی کمانڈوز اور آرمی ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں 6 سے 8 دہشت گردوں نے پہاڑی راستے کے ذریعے نلہ کی طرف پیش قدمی کی تو اہلکاروں نے انہیں دیکھا اور ایکشن لیا، جس پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو قتل کیا اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تو اُن کی پیش قدمی کو روکا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور اُن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، گولہ بارود برآمد ہوا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران باقی دہشت گرد عمر جاوید کو اپنے ہمراہ لے کر وقتی طور پر وہاں سے فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موسم خراب ہونے کے باوجود بھی سیکیورٹی فورسز نے پہاڑی علاقے میں آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاکہ ایک عام شہری عمر جاوید کو بحفاظت بازیاب کرایا جاسکے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -