جمہوریت کی گاڑی چلانے کیلئے اپوزیشن ضروری ہے،فاروق ستار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اسمبلی نہیں آ رہے، اپوزیشن لیڈر کو نگران وزیراعلیٰ کا نام طے کرنا ہے۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کی گاڑی اپوزیشن کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا ہے، رعنا انصار باجی اس وقت پارٹی کی پارلیمانی لیڈر بھی ہیں، انہیں امید ہے وہ شہری و دیہی سندھ کی نمائندگی کریں گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نامزد کردہ اپوزیشن لیڈر کی درخواست جمع کرا دی گئی، درخواست پر ایم کیو ایم کے 20 ارکان کے دستخط موجود ہیں، کنور نوید جمیل کے علیل ہونے کے باعث دستخط موجود نہیں، ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں 21 ارکان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جن وعدوں کو پورا کرنے کا کہا تھا پورے نہیں کیے، پیپلز پارٹی کی حلقہ بندیوں کی وجہ سے ہمیں دیوار سے لگایا گیا، مردم شماری میں بھی ہماری آبادی کو جان بوجھ کر کم گنا گیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ کےفور منصوبہ 15 سال سے زیرالتوا ہے، دیہی و شہری علاقوں میں پولرائزیشن کو کم کرنا ہوگا، نگران وزیراعلیٰ کے لیے رعنا انصار کو اعتماد میں لینا ہوگا، پیپلز پارٹی نے کراچی کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے روایتی ووٹ بینک کو سوچنا ہو گا کہ 15 برسوں میں انہیں کیا ملا؟ شہید بھٹو کا نام لے کر پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو بھی نظر انداز کیا گیا، 15 برسوں میں جس طرح کرپشن ہوئی اب پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک کو بھی سوچنا ہوگا۔