جماعت اسلامی ضلع عمرکوٹ کامہنگائی کے خلاف احتجاج،عوام اسلام آباد دھرنے میں شریک ہوں:قائدین 

Jul 14, 2024 | 04:56 PM

عمرکوٹ(سید ریحان شبیر سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع عمرکوٹ  نےمہنگائی کے خلاف احتجاج کیا  ۔پریس کلب عمرکوٹ کےسامنے مظاہرے سے خطاب کرتے جماعت اسلامی کے رہنما خلیل احمد کھوکھر،ظہیر احمد جتوئی، قربان علی گشکوری، سماجی رہنما عبدالغفار ناگوری کا کہنا تھا کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا جائےگا اور مطالبات کی منظوری تک وہاں سے نہیں اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے تک عوامی موبلائزیشن جاری رہے گا، ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کے خلاف ہے ،اب حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں وظالمانہ سلیب سسٹم پر عوام کو ریلیف دینا ہوگا،حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکمران اشرافیہ ظالمانہ ٹیکس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی عمرکوٹ کے ضلعی امیر قربان علی گشکوری نے کہاکہ عوام دشمن اقدامات کے خلاف ’حق دو عوام کو‘ تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کیلئے سڑکوں پر بھی نکلیں گے، عدالت بھی جائیں گے ۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ عوام سے اسلام آباد میں پرامن دھرنے میں سب کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں، حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا، ریلی میں شریک کارکنوں اور عوام نے بھاری بجلی بلوں، تیل ، اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔

مزیدخبریں