تاجروں کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: محمد ناصر حمید خان

تاجروں کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: محمد ناصر حمید خان

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں دیا جائے گا اور انہیں ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حمید خان نے کہا کہ افسر شاہی اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے تاجروں کو ہراساں کرنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جن سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات کا نوٹس لیناچاہیے کیونکہ افسر شاہی غلط فہمیاں پیدا کرکے حکومت اور تاجروں کے درمیان عدم اعتماد کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت و تاجروں کے درمیان بہترین شراکت داری قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس اصلاحات متعارف کرائی اور ٹیکس نظام کو کاروبار دوست بنایا جائے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ دوستانہ رویہ اپناکر اور تاجروں کو بلاوجہ ہراساں کرنے جیسے اقدامات ترک کرکے فیڈرل بورڈ آف ریونیو زیادہ محاصل اکٹھے کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اسے دیکھ کر مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں کس طرح آئیں گے؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان کے دفاتر اور گوداموں پر چھاپے مارنے کے بجائے ایف بی آر اْن شعبوں پر توجہ دے جو آمدن کے باوجود ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ تاجروں کے عزت و احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تاجروں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

مزید : کامرس


loading...