قائداعظم نے نوجوانوں میں ملکی تعمیر و ترقی کا جذبہ بیدار کیا،پروفیسر رفیق

قائداعظم نے نوجوانوں میں ملکی تعمیر و ترقی کا جذبہ بیدار کیا،پروفیسر رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر) دوقومی نظریہ کی بنیاد پر مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کی تاریخ ساز جدوجہد میں حصہ لیا۔ قائداعظمؒ نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’’آگے بڑھیے اور بڑھتے ہی جائیے‘‘۔آپ بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار اداکرنے کا عزم کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے کارکن ‘ سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری اپنی نوعیت کے منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے آٹھویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرمعروف ماہر قانون و ممبر بورڈ آف گورنرز نظریۂ پاکستان ٹرسٹ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان ، ڈاکٹر فواد رفیق اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا ۔اس سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ پروگرام کے دوران تحریک پاکستان کے عظیم رہنما و قائداعظمؒ کے رفیق خاص سردار عبدالرب نشترؒ کے118ویں یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی رسم بھی ادا کی گئی ۔ پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐ‘ قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ اور دیگر مشاہیر تحریک پاکستان نے آزاد وطن کے حصول کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا۔ جن لوگوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لیا ، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...