پاورپلانٹس کے گردشی قرضے 401ارب سے بڑھنا بیڈ گورننس ہے،کامران سیف
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پاورپلانٹس کے گردشی قرضے 401ارب سے بڑھنا بیڈ گورننس ہے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بجلی بل اور بجلی بلوں میں ٹیکسوں کی اربوں روپے ماہانہ وصولی کی جانے والی رقم کہاں جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ حکومتی گردشی قرضوں کی ادائیگی کیلئے عوام کو سستی بجلی ریلیف میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بجلی کی 19248میگا واٹ ریکارڈ پیداوارہوئی ہے اس ریکارڈ پیداوار کا ریلیف عوام کو بھی دیا جانا چاہیے تھا اور انہیں بجلی کے بلوں میں مستقبل بنیادوں پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف دیا جانا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضوں کی ادائیگی عوام سے ملنے والے بجلی بلوں اور ٹیکسوں سے کی جائے اور ریکارڈ پیداوار کے باعث بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔