اسرائیل نے غزہ کے علاقے میں بجلی کی فراہمی کم کر دی
غزہ (اے پی پی) اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے فلسطین میں غربت کے شکار علاقے غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی بجلی میں کمی کا اعلان کردیا ۔العریبہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی کی بجلی میں کمی علاقے 20 لاکھ افراد کو توانائی کے سنگین بحران سے دوچار کرنے کا موجب بن سکتی ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے غزہ کی پٹی کو روزانہ صرف 45 منٹ بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی فیصلے سے قبل بھی غزہ کی پٹی میں بجلی کے بدترین بحران کا سامنا ہے اور 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ تین یا چار گھنٹے بجلی آتی ہے۔اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے کابینہ کے فیصلے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ کابینہ اور داخلی سلامتی کے وزیر کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔