دیہات بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئینگے : شہباز شریف

دیہات بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئینگے : شہباز شریف

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں دیہی علاقوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سینیٹیشن کے پروگرام کے امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران پینے کے صاف پانی کے پروگرام کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیہات کو صاف ستھرا بنانے کا بڑا پروگرام ترتیب دیا ہے اور یہ پروگرام پاکستان میں پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات کی شکل بدل جائے گی اور دیہات بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی صفائی کی وہی سہولتیں دیں گے جو شہروں میں دے رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت صفائی کا نظام یونین کونسل تک لے جایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی سالڈ ویسٹ اور سینیٹیشن کا پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد اور مفاد عامہ کا ایک اچھوتا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کو رول ماڈل کے طور پر آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پیشہ ورانہ ہیومن ریسورس کا انتخاب کیا جائے اور میں ذاتی طور پر اس پروگرام کی نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 15 ارب روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے ۔صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ، سید ہارون سلطان بخاری، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین صاف پانی کمپنی ساؤتھ چوہدری عارف سعید، اعلیٰ حکام، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف اور سہولتوں کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ(ن) کاایجنڈاہے۔ اربوں روپے کے وسائل عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے ایسے پروگرام جاری ہیں جن کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عوام کو اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیاگیاہے۔ 9ارب روپے کے تاریخی رمضان پیکیج سے صوبے کے عوام کو ریلیف مل رہاہے اور صرف سستے آٹے کی فراہمی پر 8ارب 78کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عام بازاروں میں بھی سبز رنگ کے تھیلے میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔وہ منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ صوبے بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کی ذاتی طو رپر نگرانی کررہاہوں۔ صوبے بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ناجائزمنافع کے نام پر کسی کو عوام کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ عوام کو معیاری اشیاء کی مقررہ نرخو ں پر فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد اعظم تھرمل پاور لمیٹڈ کمپنی نے بھکی گیس پاور پلانٹ لگا کر ایک شاندار کام کیا ہے اور اس منصوبے میں اربوں روپے کی حقیقی معنوں میں بچت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھکی گیس پاور پلانٹ کی ٹربائن کی تکنیکی خرابی کو دور کر لیا گیا ہے اور اب پلانٹ سے 300 میگا واٹ سے زائد بجلی بحال ہو چکی ہے جبکہ دوسری گیس ٹربائن کی تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لئے دن رات کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت ، معیار اور تیز رفتاری سے تکمیل کا شاہکار ہے ۔ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی صارفین کو سستی مل رہی ہے ۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کو دیدہ زیب بنانے کیلئے لینڈ سکیپنگ کی جائے ۔ لینڈ سکیپنگ کا کام آؤٹ سورس کیا جائے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم تھرمل پاور لمیٹڈ احد چیمہ نے کمپنی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز قائد اعظم تھرمل پاور لمیٹڈ چوہدری عارف سعید ، صدر ایوان صنعت و تجارت لاہورعبدالباسط، معروف بزنس مین سید مراتب علی ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی، سیکرٹریز خزانہ ، توانائی اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول


loading...