وزیر اعظم وطن واپس پہنچ گئے ، خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا : نواز شریف
اسلام آ با د (آن لائن)جدہ میں سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے عرب ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے حل سے متعلق بات چیت کے بعد وزیراعظم نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے امید کا اظہار کیا کہ امت مسلمہ کے بہترین مفاد میں خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کو جلد حل کرلیا جائے گا۔خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحق ڈار اور دیگر اہم سرکاری عہدیداران کے ہمراہ وزیراعظم دورہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے تھے۔جدہ کے شاہی محل میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماں نے خلیج ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت، یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔دوسری جانب شاہ سلمان نے وزیراعظم کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مثالی کامیابیوں کو سراہا۔سعودی فرمانروا نے پاکستان کی قومی سلامتی سمیت تمام امور کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو سعودی عرب کی حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔