راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت چائلڈ لیبر ڈے کے حوالے سے تقریب
لاہور( خبرنگار) چائلڈ لیبر ڈے کے حوالے سے گزشتہ روز ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کی ۔تقریب میں آئی ایل او کی کنٹری ہیڈ ، ڈی لیبر ، پراجیکٹ ڈائریکٹر چائلڈ لیبر اور بچوں کی بھر پور تعداد میں شرکت ۔ اس پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ہم چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں تا کہ ہمارے بچے نہ صرف اپنے خاندانوں کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے بلکہ اپنے آنے والی نسلوں کو سنوارنے کے لیے سکولوں میں جائیں اور میں اس کام کو اپنا فرض ہی نہیں بلکہ اپنا ایمان سمجھ کر کام کرتا ہوں ۔ کیونکہ نہ صرف مجھے لوگوں کو بلکہ خدا کو بھی جواب دینا ہے اور یہ سب شہباز شریف کے وژن کا ہی نتیجہ ہے کہ آج بھٹوں کے مزدوروں کے بچے سکولوں میں جا رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہم فخر سے کہہ سکیں گے کہ اب کوئی بچہ چائلڈ لیبر نہیں کر رہا ۔ یہ ایک دن کا کام نہیں بلکہ یہ ایک تواتر کے ساتھ چلنے والا منصوبہ ہے اور اسی منصوبے پر اگر ہم گامزن رہے تو تب ہی ہم اپنا مشن پورا کر سکیں گے۔
صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ ہم بچوں کے لیے اسپیشل نصاب بنا رہے ہیں تاکہ فنی تربیت سے بچوں کو ان کی تعلیم کے مطابق تربیت حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ اس سلسلے میں ٹیوٹا اورپی وی ٹی سی کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور انہی بچوں کی جبری مشقت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے نہ صرف پنجاب حکومت نے قانون سازی کی بلکہ اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ چائلڈ لیبر کو آنے والے وقت میں ہمیشہ کے لیے ہوٹلز ، ورکشاپس سے بھی ختم کیا جا سکے۔ یہ ہماری محنت ہی کا ثمر ہے کہ آج 87 ہزار بھٹہ مزدوروں کے بچے سکول جا رہے ہیں اور ہم صرف اسی پر اکتفا نہیں کررہے بلکہ اس میں مزید بہتری لانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور سب سے بڑھ کر ورکرز پارٹیسپیشن فنڈ کے لیے جلد ہی قانون سازی کی جا ئے گی تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔