حکمران غلط فہمی میں نہ رہیں ، الیکشن میں چھانگا مانگا یا رحیم یار خان کی تاریخ نہیں دہرانے دینگے : بلاول بھٹو

حکمران غلط فہمی میں نہ رہیں ، الیکشن میں چھانگا مانگا یا رحیم یار خان کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے لیے ایک امید ہے اور ووٹر توقع رکھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ملک کو اندرونی اور بیرونی بحران سے نکال سکتی ہے۔ حکمران کسی غلط فہمی میں نہ رہیں آئندہ عام انتخابات میں چھانگا مانگا یا رحیم یار خاں کی تاریخ دوبارہ دہرانے اور عوام کے ووٹ کا تقدس پامال کر کے انتخابی رزلٹ تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ پیپلزپارٹی جمہوریت اور آئینی اداروں کے تحفظ کا بھرپور دفاع کرے گی۔ یہ بات انہوں نے سابق وزیرا عظم سید یوسف رضا گیلانی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کی موجودگی میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفد سے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ ساؤتھ پنجاب میں بجٹ کے دوران ساؤتھ پنجاب میں بجٹ کے دوران زیادتی، بدترین لوڈشیڈنگ ، کسان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک، اجناس کی قیمتوں میں نا کافی اضافہ اور باردانہ کی تقسیم میں من پسند افراد کو نوازنے سمیت مہنگائی ، بیروزگاری اور حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی عروج پر ہے ۔ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے پولیس کا محکمہ ذاتی لونڈی بنا کر اسکی اہمیت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے جو صرف انہیں شاہانہ پروٹوکول اور سیکورٹی دینے پر معمو ر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں عوام کی طاقت اور ووٹ کے ذریعے اقتدار میں آ کر تمام محرومیوں کا ازالہ اور بحرانوں کا خاتمہ کریگی۔پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریئے کا نام ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ یہ پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ لیڈروں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اس کی آبیاری کی یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے لیڈر کارکن متحد ہیں جو اپنے شہید قائدین کے افکار و فلسفے کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ چھپ کروا رکر نے والے دہشتگرد ٹولے کو شاید ان کے سرپرستوں نے پیپلز پارٹی کی اس تاریخ سے سبق نہیں پڑھایا جس میں ذوالفقار علی بھٹو، مرتضیٰ بھٹو، شاہنواز بھٹو اور دختر مشترق اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے لیے شہادتیں جیالوں کے لیے مشعل راہ اور عز م وہمت کی بلند پایہ مثالیں ہیں جن کو سامنے رکھتے ہوئے ہرایک جیالا اپنے خون سے جمہوریت کی ایک نئی داستان رقم کرنے کے لیے ذہنی و جسمانی لحاظ سے مکمل تیار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ پانامہ لیک میں مسلم لیگ (ن) اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اب سوال یہ نہیں کہ عدالیہ اور جے آئی ٹی کیا کریگی۔ سوال یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن)آج کیا کرنے جا رہی ہے تاریخ ایک مرتبہ پھر اپنے آپکو دوہرانے جا رہی ہے اور لگتا ہے کہ (ن) لیگ پھر سے سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت گزشتہ رات ہونیوالے پارٹی اجلاس میں جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم کی پیشی اور ممکنہ صورتحال پر غور کیا گیا ،منگل کی شب منعقدہ پارٹی کے طویل ترین اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ،خورشید شاہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ،اجلاس میں جے آئی ٹی میں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر پیدا ہونیوالی صورتحال، ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر طویل مشاورت کی گئی۔جبکہ قبل ازیں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں خالد محمود کھوکھر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا نواز حکومت کسان دشمن ہے، ناقص پالیسیوں سے زراعت کا شعبہ برباد اور کسان تباہ ہو گیا ہے، پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ملکی مسائل حل کر سکتی ہے، کسانوں کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ، باہر اور ہر فورم پر اٹھائیں گے۔پیپلز پارٹی کی حکومت میں کسان خوشحال اور نواز دور میں بدحال ہو جاتا ہے،نون لیگ کی ناقص پالیسیوں نے زراعت کے شعبے کو برباد کر دیا ہے۔ پہلے بھی کسان دوست پالیسیاں دیں اب بھی موقعہ ملا تو کاشتکاروں کے مسائل حل کریں گے۔ بلاول بھٹو نے وفدکو یقین دہانی کروائی کہ پی پی کسانوں کا ہر جدوجہد میں ساتھ دے گی۔کسان رہنماؤں نے اپنی جدوجہد کی حمایت پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ہمارے احتجاج میں شریک ہو کر حوصلہ بڑھایا ۔
بلاول بھٹوزرداری

مزید :

صفحہ اول -