وزیر اعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی ، جوڈیشل اکیڈمی کی سکیورٹی پولیس اور رینجرز کے سپرد
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم نواز شریف کی جمعرات کو جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل مئیر راولپنڈی سردار نسیم اور لیگی رہنما حنیف عباسی کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آمد انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ سی ڈی اے کا بھی اطراف کی سڑکوں کی مرمت اور صفائی کا عمل شروع کردیا ۔ وزیراعظم نواز شریف کی حمایت میں بینر آویزاں کر دئیے گئے،پولیس کے 500 اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ رینجرز اہلکار بھی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیر اعظم نوازشریف کو جے آئی ٹی کی جانب سے 15جون کو طلب کیا گیا ہے اور اس مناسبت سے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی سے ملحقہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور مرکزی شاہراہ کی تزین و آرائش شروع کر دی گئی ہے،سی ڈی اے کے ملازم سڑکوں کے اطراف لگے درختوں کے بناؤ سنگھار اور جوڈیشل اکیڈمی جانے والی سڑک سے جھاڑیوں کو ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ فٹ پاتھ پر نئی گھاس بھی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کا کام کرنے والے ورکرز سڑکوں اور گرین بیلٹس کے اطراف سے کوڑا کرکٹ بھی ہٹانا شروع کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم کی جے آئی ٹی آمد سے پہلے جوڈیشل اکیڈمی کی مرکزی سڑک کی مرمت کا عمل بھی شروع ہوگیاہے ،جہاں سڑک ٹوٹی ہوئی ہے وہاں پیچے لگائے گئے ہیں۔ علاقے کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون اورخاص طورپروفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف وزیراعظم نوازشریف کی حمایت میں بینر آویزاں کئے گئے ہیں۔ بینرزمیں وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ مریم نوازاورشہباز شریف کی تصاویربھی ہیں جبکہ ان پر ’’قدم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ درج ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں مسلم لیگ ن نے دیگر تمام سرگرمیاں تقریبات منسوخ کردی گئیں جبکہ اسلام آباد کی بلدیاتی حکومت کا ہنگامی اجلاس بھی منسوخ کردیا گیا۔اسلام آباد،راولپنڈی کے تمام بلدیاتی نمائندگان بھی جوڈیشل اکیڈمی پہنچیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی کے دن کیلئے وزیر اعظم کی سکیورٹی کا پلان مرتب کر لیا گیاہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے فیڈرل جو ڈیشل اکیڈمی تک 500 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔جبکہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔15 جون کی سکیورٹی آپریشن ڈویژن اور سکیورٹی ڈویژن کے سپرد ہو گی۔آپریشن ڈویژن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی جبکہ سکیورٹی ڈویژن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اندر سکیورٹی انتظامات سنبھالے گی۔ لیگی رہنما حنیف عباسی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم نے دوسرے روز بھی بھی ان شاہراہوں کا دورہ کیا اور وزیر اعظم کی آمد کے حوالے سے ہونے والے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ وہ یہاں وزیر اعظم کی آمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے آئے ہیں کیونکہ جمعرات کے روز اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے پارٹی ورکرز بھی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر جمع ہوں گے ۔