قدرت روزہ داروں پر مہربان ، واپڈا غضب ناک ہوگیا

قدرت روزہ داروں پر مہربان ، واپڈا غضب ناک ہوگیا

لاہور )کامر س رپورٹر( گرمی میں تڑپتے روزہ داروں کے لئے خوش خبری ، قدرت کو روزہ داروں پر پھر رحم آگیا اور بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا جس سے کشمیر اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہے اورصوبائی دارالحکومت سمیت بیشتر شہروں میں لو چلتی رہی۔ آئندہ 12گھنٹوں میں جن علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے ان میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور،ڈی جی خان، ساہیوال، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن، اسلام آباد، گلگت بلتستان،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں شامل ہیں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48اور سب سے کم مری میں25 درجہ سنٹی گریڈ رہا۔دوسری طرف ملک میں ایک بار پھر بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث شارٹ فال بڑھ گیا جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ دوسری جانب حکومتی وزرا نے گزشتہ روز بھی انتہائی ڈھٹائی سے دعوی کیا ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ۔بجلی بندش کا عالم یہ ہے کہ بڑے شہروں میں بھی سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ کئی علاقوں میں روزہ داروں نے اندھیرے میں سحری کی اور گرمی میں افطار کیا ۔صوبائی دارالحکومت میں گرین ٹاؤن میں بجلی اور پانی کی بندش کے ستائے روزہ دار سڑکوں پر نکل آگئے اور انہوں نے حکومت کے خلاف سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا ۔

گرمی /لوڈ شیڈنگ

مزید : صفحہ آخر


loading...