یاترا مذہبی معاملہ ہے سیاسی بنا کر سکھوں کو پاکستان آنے سے روکاگیا، صدیق الفاروق

یاترا مذہبی معاملہ ہے سیاسی بنا کر سکھوں کو پاکستان آنے سے روکاگیا، صدیق ...

لاہور (کامرس رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق نے گورو ارجن دیو کی برسی کے موقع پر بھارت کی طرف سے سکھ یاتریوں کو روکنے سے پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرکا رنے پاکستا ن اور بھارت کے درمیان مذہبی اور انسانی بنیادوں پر ہم آہنگی کے بڑھتے ہوئے رحجان کو شدید نقصان پہنچایا ۔ بھارتی سرکار نے یاترا کے مذہبی معاملے کو سیاسی بنا کر بھارتی سکھوں کو پاکستان آنے سے روکا ۔ یہ باتیں انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتائیں انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ 30مئی کو ایک تقریب کے دوران اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبے والا کے نوٹس میں لایا گیا تھا جس پر انہوں نے انتہائی مثبت رد عمل ظاہر کیا تھا ۔اس سے پہلے ٹی سی راگھوان اور گوتم صاحب یاتریوں کے معاملے میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ساتھ نتیجہ خیز تعاون کرتے رہے ہیں لیکن اس بار گوتم بمبے والا بدقسمتی سے تعاون نہیں کر سکے ،انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے متروکہ وقف املاک کا چارج سنبھالا ہے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق اقلیتوں اور یاتریوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی اور اس کی پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں تعریف ہو رہی ہے ۔یاد رہے کہ بھارت سے یاترویوں نے سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو کے چار سو گیارویں شہید ی دن کی تقریبات میں شمولیت کے لیے 8جون کو پاکستان آنا تھا ۔وزارت مذہبی امور کو ای ٹی کمپلیکس اسلام آباد میں منتقل کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری خالد مسعود نے وزارت کے دفاتر کو ای ٹی کمپلیکس اسلام آباد میں منتقل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی جبکہ وزارت کے ایک سینئر افسر کا رویہ منفی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2015 سے 45ہزار مربع فٹ جگہ خالی رکھی ہوئی ہے اور اس کی تزئین و آرائش اور وزارت کو سہولیات فراہم کرنے پر بورڈایک کروڑ خرچ کر چکا ہے جبکہ وزارت بورڈ کو اس خوالے سے پانچ کروڑ روپے زیادہ کرایہ ادا کرنا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...