ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایجوکیشن آفیسرکیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہورہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید اور ایجوکیشن آفیسرکے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جون کو جواب طلب کرلیا ہے۔جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے محمد لطیف کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وہ محکمہ تعلیم کے ای ڈی او آفس میں چوکیدار ہے۔4 مارچ 2010 ء کو اسے ملازمت سے برطرف کردیاگیا۔اس نے بحالی کے لئے ای ڈی او اور ڈی سی او کودرخواست دی۔شنوائی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔عدالت نے یکم اپریل 2014 ء کوفریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار کو بحال کرکے پالیسی کے مطابق مستقل کرکے تمام سابقہ تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیاہے، عدالتی حکم پر اسے بحال کرکے ریگولرکردیا ہے لیکن ابھی تک اسے سابقہ تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی۔