حاصل پور میں پولیس مقابلہ‘ خطرناک اشتہاری اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
حاصل پور ‘ بہاولپور ‘ خانقاہ شریف ( سپیشل رپورٹر ‘ نامہ نگار ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر ‘ نمائندہ پاکستان ) تھانہ صدر حاصل پور کی حدود میں پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ بین الاضلاعی دہشت کی علامت ممتاز عرف متی ڈکیت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک۔ ڈاکو قتل، رہزنی سمیت متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تفصیل کے مطابق ممتاز عرف متی سکنہ موضع چوڈیہ قائم پور جو قتل،رہزنی سمیت متعدد (بقیہ نمبر50صفحہ7پر )
مقدمات میں چالان اور ضلع وہاڑی، بہاولپور اور سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا۔ مذکورہ ملزم مقدمہ نمبر208/17 مورخہ10.06.17 بجرم392ت پ تھانہ صدر حاصل پور میں گرفتاربر ریمانڈ جسمانی تھا۔ حاصل پورپولیس ملزم کی نشاندہی پر سرکاری گاڑی میں مالمسروقہ و اسلحہ آتشیں کی برآمد گی کے لئے جارہے تھے۔جب موڑ چک نمبر193/M(مراد) کے قریب پہنچے تو ملزم کے ساتھی جو 2موٹر سائیکلوں پر 4کس تھے ، آئے اورگن پوائنٹ پر ملزم مذکور کو پولیس سے چھڑا کر لے جانے لگے تو پولیس نے پکڑنے کی کوشش کی جس پرملزمان نے جان سے مار دینے کی خاطر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس پارٹی نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جب فائرنگ کا سلسلہ بند ہوا توآگے بھڑکر دیکھاکہ ملزم ممتاز عرف متی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں پڑا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے ضربات کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے۔ نامعلوم الاسم ملزمان کے خلاف پولیس پارٹی پر جان سے ماردینے کی خاطر سیدھی فائرنگ کرنے، ملزم کو پولیس حراست سے چھین کر قتل کرنے کے جرم کا مقدمہ زیر دفعہ353/186/427/302/224/225ت پ درج کرلیا گیا ہے۔ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش کا پوسٹمارٹم BVHسے کراکر نعش ورثاء کے حوالے کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والا بین الاضلاعی ڈاکو ممتاز عرف متی ضلع بہا ول پور ، ضلع وہاڑی اور ضلع سیالکوٹ میں قتل، رہزنی سمیت متعدد سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ، مجرم اشتہاری اور پولیس کو مطلوب تھا۔