رمضان میں قوم کی خوشحالی اور بہتری کیلئے دعاکی جائے:ڈاکٹر سلیم حیدر

رمضان میں قوم کی خوشحالی اور بہتری کیلئے دعاکی جائے:ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے سندھ کے مہاجر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہاجروں کی خوشحالی، بہتری اور مہاجر قوم کی ترقی کیلئے خصوصی طورپر دعائیں کریں کیونکہ اس وقت مہاجروں کو غیروں سے زیادہ اپنوں کی جانب سے خطرات ہیں۔ کچھ قوتیں مہاجروں کو تقسیم کرنے اور کچھ قوتیں انہیں دیوار سے لگانے کی کوششیں کررہی ہیں۔ بدقسمتی سے مہاجر نام سے شناخت حاصل کرنے والے ناعاقبت اندیش عناصر بھی آج مہاجروں کو طعنے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں مہاجروں کے ساتھ اس وقت تیسرے درجے کے شہریوں سے بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔ چند عناصر کی غلط سیاست کی سزا پوری قوم کو دی جارہی ہے اور آج پوری قوم کو ملک دشمن بناکر پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جبکہ چند افراد تو غلط راستہ اختیار کرسکتے ہیں لیکن پوری قوم ملک دشمن اور غدار نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ آج جو حالات ہیں ان کی نشاندہی ہم گزشتہ 20 سال سے کرتے آرہے ہیں لیکن افسوس کہ ہماری باتوں کو نہ تو توجہ دی گئی اور نہ ہی مہاجروں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی گئی اس کے برعکس غیر مہاجر قوتوں کو سندھ میں مضبوط کیا جارہا ہے۔ آج نوبت یہ ہوگئی ہے کہ کراچی جیسے شہر میں مہاجر اجنبی بن کر رہ گئے ہیں۔ ان کی شناخت کو مسخ کیاجارہا ہے اور انہیں تعلیم سے لے کر ملازمتوں تک میں مسلسل نظرانداز کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مہاجر نوجوانوں میں تیزی سے احساس محرومی جنم لے رہی ہے جس کے نتایج انتہائی خراب نکل سکتے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...