پی ایس پی کا افطار ڈنر،مختلف سیاسی شخصیات کی شرکت نیک شگون ہے

پی ایس پی کا افطار ڈنر،مختلف سیاسی شخصیات کی شرکت نیک شگون ہے

کراچی(رپورٹ / نعیم الدین )پاک سرزمین پارٹی کے افطار ڈنر میں مختلف سیاسی شخصیات کی شرکت کراچی کے شہریوں کیلئے ایک نیک شگون ہے، سیاستدانوں نے ماضی کی روایات کو ترک کردیا ہے ، اختلافات بالائے طاق رکھ کر خیر سگالی کے طور پر ایکدوسرے کی دعوت میں شریک ہورہے ہیں ۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے گذشتہ روز پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال کی جانب سے دیئے گئے پرہجوم افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ انتہائی خوشگوار موڈ میں مہمانوں میں گھل مل گئے تھے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور نثار کھوڑو تقریب کے اختتام سے کچھ دیر قبل پہنچے تھے اور انہوں نے مصطفی کمال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ اس پرجوش تقریب میں تاخیر سے پہنچے ۔ جس ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا وہ شرکاء کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے چھوٹا پڑ گیا تھا، اور لوگوں نے کھڑے ہو کر روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر غیر ملکی سفارتکاروں سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں ، تاجروں ، صنعتکاروں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پی ایس پی کے صدر انیس احمد قائمخانی، چیئرمین سید مصطفی کمال نے مہمانوں کا استقبال کیا۔گورنر سندھ محمد زبیر نے خصوصی طور پر انیس احمد قائمخانی، سید مصطفی کمال، رضاہارون، اور وسیم آفتاب سے ملاقات کی، افطار ڈنر میں شرکت کرنے والے دیگر افراد میں پیپلز پارٹی کے رہنما سنیٹر سعید غنی ،وقار مہدی،سہیل عابدی نجمی عالم، وقاص شوکت،،سنیٹر عبدالحسیب خان، تحریک انصاف کے رہنمافیصل واڈا، عمران اسماعیل،مسلم لیگ ن سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری حاجی چن زیب،سنی تحریک کے رہنما شاہد غوری،جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماقاری محمد عثمان، اسلم غوری،صنعتکار میاں زاہد حسین، مرزا اشتیاق بیگ، پیپلز پارٹی کے سابق رہنما عزیز میمن، ندیم شیخ ایڈوکیٹ،کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود یوسفی، روزنامہ پاکستان کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر مبشر میر ، اے ایچ خانزادہ، مظہر عباس، مختار عاقل ، الیاش شاکر،اداکار غالب کمال، قیصر نظامانی، گلوکار ارشد محمود،اور دیگر شخصیات شامل تھیں،پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال اور انیس احمد قائمخانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...