صوبائی وزیر ترقی و محنت سے یو اینڈ دی پی کے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر کی ملاقات

صوبائی وزیر ترقی و محنت سے یو اینڈ دی پی کے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی و محنت اور صوبائی اسمبلی میں ممبران اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے قائم کی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کی چیئر پرسن انیسہ زیب طاہر خیلی سے منگل کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے یو اینڈڈی پی کے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزرDarren Nanceنے ملاقات کی اور ان سے صوبائی اسمبلی کے اراکین کی استعداد کار بڑھانے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران مذکورہ سٹیئرنگ کمیٹی کے سیکرٹری عطاء اللہ خان اور یو این ڈی پی کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اراکین اسمبلی کو دی جانے والی ٹریننگز اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے فراہم کئے جانے والے تربیتی پروگراموں کے بارے میں اظہار کیال کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انہیں ای گورننس اورکیپیسٹی بلڈنگ کی متعدد ٹریننگز فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی نے آئی ٹی پروگرامز ،کمیونیکیشن پراسز،انگلش لینگویج،پارلیمنٹری ٹپس اورقانون سے متعلق آگاہی کی تربیت بھی حاصل کی ہے جبکہ اراکین کو بیرونی ممالک کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے انہیں باہر کے پارلیمنٹس کے دورے کرائے گئے ہیں جو کہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے اور اس کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ ہمارے اراکین ایک گلوبل فریم ورک میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی ملک کی واحد اسمبلی ہے جہاں پر اسمبلی کی کارروائی اور ممبران کے جملہ امور روایتی کاغذی طریقہ کار سے کمپیوٹرائزڈ نظام کو منتقل کئے جا چکے ہیں جو ای گورننس کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی ممبران کی ہر طرح سے استعداد کار بڑھانے میں اب بھی کئی شعبوں میں ہمیں مزید تعاون درکار ہے اور ہم قائمہ کمیٹیوں کی تربیت اور ممبران اسمبلی کی تحقیقی سرگرمیوں کے لئے تربیت کی فراہمی چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے اہداف کے حصول کے لئے یو این ڈی پی کے تعاون کی انتہائی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے مذکورہ ترقیاتی ادارے کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔اس موقع پر یو این ڈی پی کے تکنیکی مشیر نے صوبائی وزیر کو اپنے ادارے کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ یو این ڈی پی صوبائی اسمبلی ممبران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گا اور اس سلسلے میں باہمی رابطے میں رہے گا۔