پولیو کا خاتمہ پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہے ، عائشہ رضا فاروق

پولیو کا خاتمہ پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہے ، عائشہ رضا فاروق

اسلام آباد(پ ر)وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی قیادت میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہم اس مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اب تک کے حاصل کردہ نتائج بے حد حوصلہ افزاء ہیں۔ یہ بات انہوں نے امریکی شہر اٹلانٹا میں منعقدہ پولیو کے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ جب 2014 میں وزیر اعظم نے مجھے پولیو فوکل پرسن کی ذمہ داری سونپی تو ملک میں پولیو کی صورت حال انتہائی ابتر تھی۔ شورش زدہ علاقوں میں مہم کا جاری رہنا ممکن نہیں تھا۔ پولیو کی وباء ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہی تھی او ر سینکڑوں بچے اس مرض کا شکار ہو رہے تھے۔ جبکہ سیکورٹی اہلکار اور پولیو ٹیموں پر حملے جاری تھے۔ اس مشکل ترین صورت حال سے نکلنے کے لیے سخت فیصلے کرنے کی ضرورت تھی ہم نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں یہ چیلنج قبول کیا اور آج نتائج سب کے سامنے ہیں پولیو کیسسز کی تعداد کم ہو کر 2 رہ گئی ہے۔ جبکہ ماحول میں وائرس کی موجودگی پر کڑی نگرانی رکھی جا رہے ہے۔ پولیو ٹیموں کی رسائی کا مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کیسسز کی تعداد صفر نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان پولیو پروگرام میں تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔عالمی کانفرنس میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چےئرمین بل گیٹس و کنیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی روٹری انٹرنیشنل صدر اور بیشتر ممالک اور اداروں کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...