چیمپئنز ٹرافی : پہلے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور انگلینڈ مد مقابل ہو نگے

چیمپئنز ٹرافی : پہلے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور انگلینڈ مد مقابل ہو نگے
چیمپئنز ٹرافی : پہلے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور انگلینڈ مد مقابل ہو نگے

  


کارڈف (ڈیلی پاکستان آن لائن ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آج قومی ٹیم انگلینڈ کے مد مقابل ہو گی ۔فاتح ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کر یگی ، شائقین کرکٹ پاکستانی ٹیم کی جیت کیلئے پرجوش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کواٹر فائنل میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم آج چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان اور اب تک ناقابل شکست انگلینڈ سے ٹکرائے گی ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا ۔

میچ سے پہلے شاہینوں نے جم کر پریکٹس کی۔کپتان سرفراز اچھی پرفارمنس کے لیے پر امیدہیں جبکہ انگلش کپتان کہتے ہیں پاکستان کا دن ہو تو کسی بھی ٹیم کو زیر کرسکتی ہے۔

آٹھ سال بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم میزبان، ٹورنامنٹ کی ہاٹ فیورٹ اور ناقابل شکست ٹیم انگلینڈ کو اپ سیٹ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں چوتھی بار فائنل کھیل رہی ہے۔ خوش قسمت کپتان سرفراز احمد اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوط انگلش قلعہ فتح کرنے کے لیے میدان کا رخ کریںگے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2000ء،2004ءاور2009ءمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کھیلے تھے۔

پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقا کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم پر19رنز اور سری لنکا کو تین وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان لیگ سپنر شاداب خان کو موقع نہ دیے جانے کا امکان ہے کیونکہ باﺅنڈری چھوٹی اور پچ میں بھی سپنرز کے لیے کوئی مدد موجود نہیں جبکہ انگلش ٹیم میں معین علی اور عادل رشید کی شمولیت کا امکان ہے۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ پچ کا معائنہ کرنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا سپنر شاداب کو کھلایا جائے یا پھر فہیم اشرف کو ہی ٹیم میں برقرار رکھا جائے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکا کو ہرانے کے بعد ہمارے حوصلے بلند ہیں اور انگلینڈ کو ہراکر فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل کے لئے شائقین کرکٹ میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ میچ کی ٹکٹیں نایاب ہوگئی ہیں اور شہر کے تمام ہوٹل تین گنا زیادہ قیمتوں میں کمرے بک کررہے ہیں۔

ویلز کے دارالحکومت میں فٹ بال کی چیمپئنز لیگ کے بعد 10 دن میں دوسرا بڑا ایونٹ ہورہا ہے۔ انگلش ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے فیورٹ ہے۔ اس کے پاس ون ڈے فارمیٹ کے ایک سے بڑھ کر ایک کھلاڑی موجود ہیں۔

مزید : کھیل


loading...