گردآلود ہواﺅں سےگرمی کی شدت میں کمی،محکمہ موسمیات کی عید پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور سمیت کئی شہروں میںصبح سے گرد آلودہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم قدرے بہتر ہو گیا ، رمضان المبارک کے اختتام پرموسم کی بہتری سے شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی اورگرمی کے ستائے روزہ داروں کے نے سکھ کا سانس لیا۔
رمضان المبارک میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کے بعد محمکہ موسمیات نے عید پر خوشگوار موسم کی نوید سنائی ہے ۔جس سے شہریوں کی عید سے پہلے ہی عید ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ جمعہ کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہیگا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق جمعہ کے روز سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا سبب بنیں گی جبکہ ہفتہ کے روز سے پاکستان میں پری مون سون بارش کا آغازہو جائے گا۔محکمہ موسمیا ت کا مزید کہنا ہے کہ عید (ہفتہ، اتوار اور سوموار) کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویڑن، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال ڈویڑن میں چند مقامات پر تیزہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گو ئی ہے ۔
گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سبی 50، نورپورتھل، بھکر 49، جیکب آباد 48، دادو، میانوالی، ڈی آئی خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔