رواں برس صدقہ فطر کتنا ہوگا ؟ مفتی منیب الرحمان نے اعلان کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی جانب سے صدقہ فطر کا اعلان کردیا گیا ہے، رواں سال فطرہ کم از کم 100روپے مقرر کیا گیا ہے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے صدقہ فطر، فدیہ اور صوم و کفارے کے نصاب کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق رواں برس صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم مقدار مبلغ ایک سو روپیہ فی کس مقرر کی گئی ہے جبکہ اہل ثروت افراد کو اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ و فدیہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ فطرہ اور فدیہ مالی حیثیت کے مطابق ادا کرنا چاہئے تاہم گندم کے حساب سے فطرہ کی کم از کم رقم ایک سو روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی جو کے مطابق فطرہ ادا کرنا چاہے تو وہ 240روپے صدقہ کرے گا جبکہ کھجور 1600 اور کشمش کا نصاب 1920روپے مقرر کیا گیا ہے۔
مفتی منیب الرحمان نے مزید کہا کہ کفارہ صوم کی صورت میں 60 مساکین کو کھانا کھلایا جائے یا پھر گندم کے نصاب کے حساب سے 6 ہزار روپے ، جو کے نصاب سے 19 ہزار 200 ، کھجور اور کشمش کے نصاب سے 96 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔