زلفی بخاری ن لیگ کے کس اہم رہنما کے داماد ہیں ؟ جان کر آپ کو بھی بے حد حیرت ہو گی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحری انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام عمرہ کی ادائیگی کیلئے کچھ ہی دیر میں بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے معاملے پر میڈیا میں ہنگامہ برپا ہے اور پی ٹی آئی بھی اس کے دفاع میں میدان میں آ رہی ہیں تاہم اب انتہائی حیران کن بات سامنے آئی ہے کہ زلفی بخاری ن لیگ کے سابق سینئر رہنما سید ظفر علی شاہ کے داماد ہیں ، ان کا کہناہے کہ ان کے داماد کا کاروبارقانونی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری بھی میڈیا پر مسلسل تنقید کے باعث اب کھل کر میدان میں آ گئے ہیں اور رد عمل جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا گروپس انہیں ٹارگٹ کر رہے ہیں ، عمران خان قومی ہیرو ہیں اور پوری دنیا ان کے نیک کاموں کی داد دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ماضی میں شوکت خانم کو عطیہ کیا تھا اور مستقبل میں بھی دیتا رہوں گا ۔ زلفی بخاری کا کہناتھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں عمران خان کا دوست ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ میں لندن کا رہائشی ہوں ، میری پیدائش لندن میں ہوئی اور میں نے اپنا تمام بچپن لندن میں گزارا ہے جبکہ تعلیم بھی یہیں حاصل کی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ میں شوکت خانم کو عطیہ صرف غریب لوگوں کیلئے کرتاہوں کیونکہ وہ حکمرانوں کی طرح علاج کیلئے بیرون ملک نہیں جا سکتے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ ان کا کاروبار سو فیصد قانونی ہے اور انہوں نے ایک پیسہ بھی پاکستان سے کماکر لندن میں انویسٹ نہیں کیا بلکہ انہوں نے تمام پیسہ یہیں لندن میں کمایا اور کاروبار میں لگایا ۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ جو لوگ مجھے ٹارگٹ کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنا میرا حق ہے ۔