شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو ہوگی :مفتی منیب الرحمان

شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو ہوگی :مفتی منیب ...
شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو ہوگی :مفتی منیب الرحمان

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان بھر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے کل روزہ ہو گا اور عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو ہو  گی ۔

تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا ، جس میں رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی اور زونل اراکین سمیت محکمہ موسمیات اور نیوی کے افسران نے بھی شرکت کی ، ملک میں بھر چاند دیکھنے کیلئے قائم صوبائی زونل کمیٹیوں کی جانب سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیا ۔مفتی منیب الرحمان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں 1439 ہجری کے شوال کے چاند کی رویت کا جائزہ لیا گیا اور شوال کے چاند سے متعلق ملک بھر سے شہادتیں جمع کی گئیں لیکن ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگئی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش 13 جون کو رات 12 بجے ہوگئی ہے، اور جمعرات کی شام تک چاند کی عمر 19 گھنٹے 3منٹ ہوگی۔انہوں نے بتایا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد 39منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے اور جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔اس سے پہلے زونل کمیٹی کی جانب سے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پنجاب بھر سے چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے تاہم حتمی فیصلے کا اعلان مفتی منیب الرحمان نے کیا ۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /ماحولیات