آن لائن ٹیکسی سروس کی فرنچائز کا مالک بھی شرمناک دھندے میں ملوث نکلا، گروہ گرفتار

آن لائن ٹیکسی سروس کی فرنچائز کا مالک بھی شرمناک دھندے میں ملوث نکلا، گروہ ...
آن لائن ٹیکسی سروس کی فرنچائز کا مالک بھی شرمناک دھندے میں ملوث نکلا، گروہ گرفتار

  


کراچی (ویب ڈیسک)  شرقی پولیس نے آن لائن ٹیکسی سروس کے مسافروں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث آن لائن کیب سروس کے ڈرائیور اعجاز اور اس کے تین ساتھیوں عمر، فواد اور ساجد کو گرفتار کرلیا،ملزمان کے گروہ میں سروس کی فرنچائز کا مالک عمر بھی ملوث ہے جبکہ گروہ میں شامل تقریباً تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان ٹیکسی سروس کی جعلی آئیڈیز بنا کر معصوم لوگوں کا ڈیٹا کیپٹن کے ڈیٹا انٹری میں فیڈ کرتے تھے۔

جیونیوز کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ ملزم اعجاز آن لائن کیب میں سفر کرنے والے شہریوں اور خاص طور پر عورتوں کو لوٹنے میں ملوث ہے۔ملزمان کا گروہ نیشنل ڈیٹا بیس میں بھی ردو بدل کرنے میں ملوث ہے۔ ملزمان ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی ویب سائٹ سے ڈرائیونگ لائسنس کو فوٹوشاپ کے ذریعے اسکین کرکے نادرا شناختی کارڈز میں ردو بدل کرتے تھے،ملزمان گاڑی نمبر، کیپٹن کی تصویر، ٹیلیفون نمبر سب کچھ ہی تبدیل کر دیتے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق آن لائن ٹیکسی میں سفر کرنے والے شہریوں کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ آن لائن کیب سروس کا کوئی سیکورٹی ویریفکیشن ہی نہیں اور نہ ہی کوئی ڈیٹا انٹری کیا جاتا ہے نہ ہی کسی کیپٹن کی نادرا یا پولیس ویریفکیشن کی جاتی ہے۔آن لائن کیب میں سفر کرنے والے شہری اور خاص طور پر خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں جبکہ دراصل وہ اس میں عام کیب سے زیادہ غیرمحظوظ ہیں۔

پولیس تفتیش کے مطابق ڈرائیور اعجاز نے 3 جون کی رات لاہور سے آئی ہوئی لڑکی کو ہراساں کیا اور اس سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گیا تھا جس کے بعد ملزم کو ایسٹ کی ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزم اعجاز سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق  پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اعجاز کا تعلق ایک کرمنل فیملی سے ہے، ملزم کے بھائی اور والد بھی ڈکیتی اور ٹارگٹ کلنگ میں مبینہ طور پرملوث رہے ہیں اور اورنگی ٹاؤن میں کئی تھانوں کو مطلوب ہیں،ملزم اعجاز کا ایک بھائی مارا بھی جاچکا ہے،ملزمان اور اوبر انتظامیہ کراچی کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید : بزنس /جرم و انصاف /علاقائی /سندھ /کراچی