حمزہ شہباز دولت کا حساب دینے میں ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ،کرپشن گرو نیب کو اپنی کرتوتوں کا جواب دیں:ڈاکٹر شہباز گل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حمزہ لوٹی گئی دولت کا حساب دینے میں ناکام ہوئے، اب وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
ترجمان وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبونے والے کس منہ سے معاشی بدحالی کی بات کرتے ہیں؟ حمزہ شہباز لوٹی گئی دولت کا حساب دینے میں ناکام ہوئے ،اب وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ن لیگ کی حکومت نے دس سالوں میں جنوبی پنجاب کا 265ارب لوٹا ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے حالیہ بجٹ کا 35فیصد جنوبی پنجاب کیلئے مختص کیا ۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو بجٹ پر تنقید کرنے سے پہلے پنجاب کے تاریخی بجٹ کی تقریر سن لینی چاہیئے تھی، عوام نے دیکھ لیا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، چوروں کو بے نقاب کرنا اور ان کا گٹھ جوڑ عمران خان کی کامیابی ہے، کرپشن گرو عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے نیب کو اپنی کرتوتوں کا جواب دیں۔