سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

  

ٹینس اسٹار راجر فیڈر سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی قرار

سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر 17 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد آمدنی کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے۔معروف امریکی کاروباری جریدے فوربز نے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ دولت کمانے والے عالمی ایتھلیٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔کاروباری جریدے فوربز کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق سوئس ٹینس اسٹار اور 20 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن راجر فیڈر دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں شامل ہوگئے۔فوربز کے مطابق گزشتہ 12 مہینوں کے دوران سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی کل آمدنی 106.3 ملین ڈالرز ہے۔دوسری جانب سب سے زیادہ دولت کمانے والے عالمی ایتھلیٹس کی فہرست میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 105 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے جب کہ لیونل میسی 104 ملین ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ماضی میں اسمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا، قومی ٹیم کے سابق کپتان کا انکشاف

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپین حنیف خان نے انکشاف کیا ہے کہ 1983میں اسمگلنگ کے لیے قومی ٹیم کا سہارا لیا گیا۔ سابق کپتان حنیف خان نے الزام عائد کیا کہ 1983میں ٹیم کا کپتان تھا اور پاکستان ٹیم ہانگ کانگ سے وطن واپس آرہی تھی اور سامان میں گاڑیوں کے پارٹس، چشموں کے فریم اور وی سی آر شامل تھے۔سابق اولمپین نے بتایا کہ ہانگ کانگ ائیر پورٹ پر ہی اسمگلنگ کا سامان پاکستان ہاکی ٹیم کے سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا اور ائیر پورٹ پر کسٹم حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو اسمگلنگ کے سامان سے آگاہ کیا۔حنیف خان کا کہنا ہے کہ اس وقت اسمگلنگ کے سامان کی لاگت تقریباً ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید بتایا کہ جب تحقیقات ہوئیں تو اس میں ٹیم کے کچھ آفیشلز ملوث پائے گئے لیکن پاکستان کا نام مزید بدنام ہونے سے بچانے کے لیے کیس کو دبا دیا گیا۔

چیمپئنز فٹ بال لیگ اور یوروپا لیگ کے فائنلز اگست میں متوقع

کورونا وائرس کے باعث جہاں پوری دینا وبا کی لپٹ میں ہے وہاں اس وباء سے عالمی سطح پر تمام کھیلوں کی سر گرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ 2019-20ء کے سیزن سے متعلق مشاورت کے بعد اگست میں چیمپئنز لیگ اور یوروپا لیگز کھیلے جانے کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز یوئیفا نے 55 ایسوسی ایشنوں کو بتایا کہ ابھی بھی یہ امکان موجود ہے کہ فٹ بال سرگرمیاں جون، جولائی اور اگست میں شروع کی جائیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 31 جولائی تک ڈومیسٹک لیگز کو مکمل کرنے کے منصوبے کے حوالہ سے تازہ ترین مباحثوں کا تبادلہ ہوا لیکن کسی بھی چیز سے قطعی اتفاق رائے نہیں ہو سکا لیکن یوئیفا پورے یورپ میں عام غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر جب تک ممکن ہو سکے کے طور پر تمام اختیارات ٹیبل پر چھوڑنے کا خواہاں ہے اور اس معلومات کے مطابق اس موسم میں کسی کھیل کی ضمانت نہیں ہے۔

پی ایچ ایف کا کھلاڑیوں کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے معروف ماہر نفسیات سے رابطہ بھی کیا ہے، معاملات طے ہونے کے بعدکھلاڑیوں کیلئے جلد ا?ن لائن لیکچرز کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، کھلاڑیوں کو ذہنی پختگی اور دیگر مسائل پر لیکچرز دیئے جائیں گے۔پی ایچ ایف نے لاک ڈاون میں کھلاڑیوں کو متحر ک رکھنے کے لیے فٹنس پروگرام جاری کیا تھا۔اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو آئندہ چند روز میں ٹیم ٹرینر عابد امین بھی فٹنس لیول بڑھانے پر لیکچرز دیں گے۔ اب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

کورونا پازیٹو آنے پر فارمولا ون ریسز جاری رکھنے کا اعلان

کورونا کی عالمی وبا کے سبب وسط مارچ سے معطل فارمولا ون سیزن 5 جولائی سے آسٹریا میں شروع ہورہا ہے۔چیف ایگزیکٹو چیز کیری کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کا کوویڈ 19ٹیسٹ مثبت آنے پر ریس منسوخ نہیں کریں گے، کسی ایک شخص کی وجہ سے ریسز کو ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔پازیٹو آنے والے ڈرائیور کو قرنطینہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ہوٹل کی سہولت بھی دی جاے گی جبکہ وائرس سے متاثرہ ڈرائیور کے متبادل ڈرائیور کا بھی انتظام کیا جاے گا تاکہ ایونٹ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

مجموعی طور پر آٹھ فارمولا ون ریسز کا شیڈول تیار کیا گیا ہے

ٹینس اسٹار کی امدادی سرگرمیاں جاری

عالمی وبا کورونا کے سبب پوری دنیا میں ٹینس کی مقابلے معطل رہے البتہ اس دوران ٹینس کھلاڑیوں نے امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ وکٹوریا ازارنکا، مونیکا پیوگ نے فوڈ بینک کی جانب سے آن لائن سائیکلنگ مہم ”آل اسٹار رائیڈ“میں حصہ لیا۔ جبکہ جینی بوشارڈ نے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے پر مستقبل میں کسی بھی ٹینس ٹورنامنٹ میں پرستار کو ان کا کورٹس میں مخصوص باکس استعمال کرنے اور اپنے ساتھ ڈنر کی پیشکش کی تھی جس پر ایک لاکھ 18 ہزار ڈالر کی خطیر جمع کرلی۔

وباء سے بچنے کیلئے احتیاط اختیار کی جائے، ریسلر انعام بٹ

نامور ریسلر انعام بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر کھیل کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اس کو منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے جبکہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ کرونا کو شکست دینے کے لئے پوری قوم ایک ہوجائے اور اس کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے کیونکہ یہ ہی ایک واحد حل ہے جس سے ہم اس وباء کو دور کرسکتے ہیں اس وقت بہت تیزی سے وباء پھیل رہی ہے جو بہت تشویش کی بات ہے اور ہم اب سنجیدگی سے اس حوالے سے غور کرنے کی ضرورت ہے حکومت نے اس حوالے سے بہت اچھے اقدامات کئے ہیں ہمیں اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جلد کھیلوں کے مقابلے شروع ہوں گے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کھیلوں کی سر گرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -