ایک ہفتے کے دوران 19اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں اضافہ:ادارہ شماریات

  ایک ہفتے کے دوران 19اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں اضافہ:ادارہ شماریات

  

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹا، دال، چاول اور مصالحہ جات سمیت متعدد اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق جون کے دوسرے ہفتے میں بھی مہنگائی کا سلسلہ کم نہ ہو سکا، ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 کی قیمتوں میں کمی جب کہ 22اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جون کے دوسرے ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 16 روپے، ٹماٹر 4 روپے فی کلو، انڈے فی درجن 4 روپے، تازہ دودھ ایک روپیہ فی لٹر، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر ڈھائی روپے اور کوکنگ آئل ڈیڑھ روپیہ فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ ماش کی دال، چینی اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی کا گوشت 26 روپے فی کلو، پیاز 2 روپے فی کلو اور کیلا 7 روپے فی درجن سستا ہوا، اس کے علاوہ دال مسور، دال مونگ اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔ دوسری جانب بناسپتی چاول،بریڈ اور چائے کی پتی سمیت 22اشیاکی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مہنگائی

مزید :

صفحہ آخر -