بجٹ میں فنکاروں کیلئے مالی امداد میں اضافہ خوش آئند،فنکار

بجٹ میں فنکاروں کیلئے مالی امداد میں اضافہ خوش آئند،فنکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے وفاقی بجٹ پر کوئی خاص ردعمل کا اظہار نہیں کیا جبکہ فنکاروں کی مالی امداد کے حوالے سے رقم بڑھا کر ایک ارب روپے کردی گئی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے اس سے قبل آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کی رقم 25کروڑ تھی۔ فنکاروں نے کہاکہ ہم سب فنکاروں کی طرف سے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اداکار نسیم وکی نے کہاکہ اس بجٹ میں غریب آرٹسٹوں کا خیال رکھنے پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے آرٹسٹوں کے مسائل کو سمجھا اور ان کا فنڈبڑھایا۔اداکار ایم ریاض شوکی نے کہاکہ اس فیصلے اور اعلان نے مایوسی میں ڈوبے ہوئے اداکاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔میری دلی دعاہے کہ حکومت کے ان اقدامات پر فنکاروں کی مالی امداد ہو تاکہ وہ بھوک اور بیماری کا شکار نہ بن سکیں۔اداکار و کامیڈین غفار لہری نے کہاکہ اس وقت ملکی حالات اور موذی وباء کی وجہ سے فنکار بیروزگار ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں ایسے میں حکومت کی طرف سے آرٹسٹ فنڈ بڑھانا تازہ ہوا کا جھونکاہے۔اداکار عمران شوکی نے کہاکہ حکومت نے بروقت یہ فیصلہ کرکے فنکاروں کو خودکشیوں سے بچالیاہے دعاہے کہ یہ فنڈ آرٹسٹوں میں جلد سے جلد تقسیم ہو تاکہ ان کے مالی مسائل حل ہوسکیں۔اداکار گلفام نے کہاکہ حکومت کے اس اعلان نے فنکاروں کے مردہ جسم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔حکومت کی طرف سے اس اعلان پر شوبز سے وابستہ افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔

مزید :

کلچر -