شہباز شریف کی سیاست”میں نہ مانوں“کی رٹ تک محدود:ترجمان پنجاب حکومت

شہباز شریف کی سیاست”میں نہ مانوں“کی رٹ تک محدود:ترجمان پنجاب حکومت

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا اور ان کے پیٹ میں مروڑاٹھ رہے ہیں، شہباز شریف کی سیاست”میں نہ مانوں“ کی رٹ تک محدودہو گئی ہے، وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالے گی اور انہیں ریلیف دیا جائے گا،وزیر اعظم عمران خان کو دورہ لاہور کے دوران کورونا وائرس کی وباء اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اقدامات، آئندہ مالی سال کے بجٹ سمیت صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور انہوں نے اپنی گڈ گورننس سے مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کو سیاسی میدان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے آؤٹ کر دیا ہے،شہباز شریف نے بجٹ دستاویز کا ایک صفحہ تک نہیں پڑھا لیکن اپنی عادت کے مطابق بجٹ میں سے کیڑے نکالے جارہے ہیں جو ان کا وطیرہ ہے۔ حکومت نے مشکل ترین معاشی حالات میں ٹیکس فری،عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کیا ہے جسے تمام شعبوں کا ماہرین کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے عوام کو بجٹ کی تیاری میں براہ راست شامل کیا اور عوامی آرا ء کی رائے شماری کے بعد 68فیصد تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ 2020-21میں تعلیم، صحت اور روزگار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔وفاق کی طرح پنجاب میں بھی کورونا اور ٹڈی پر کنٹرول کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی۔

مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -