سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے بٹورنے والا 16 رکنی گینگ گرفتار

سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے بٹورنے والا 16 رکنی گینگ گرفتار

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائیاں کرکے سٹیٹ بینک کے نمائندے بن کر سادہ لوح شہریوں سے جعل سازی کے ذریعے لاکھوں روپے لوٹنے والے گروہوں کے 16 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبرکرائم سندھ فیض اللہ کوریجو اور دیگر افسروں نے ملزموں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور برآمد سامان کا معائنہ بھی کرایا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کے قبضہ سے 5 ہزار سے زائد موبائل فون سمز، بی وی ایس ڈیوائسز اور جدید آلات برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کا نیٹ ورک پورے پاکستان میں پھیلا ہوا تھا۔گرفتار ملزم مختلف سکیموں کے نام سے فون کالز کرتے تھے اور بینکوں کا ڈیٹا حاصل کرکے اکاؤنٹ ہولڈرز کو جعلی فون کالز کرتے تھے اور فون کالز کے ذریعے شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگا چکے تھے۔ ملزمان کبھی ایزی لوڈ کے ذریعے تو کبھی اے ٹی ایم کارڈز ہیک کرکے بڑے پیمانے پر رقم ہتھیا لیتے تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبرکرائم نے بتایا کہ ایف آئی اے موبائل کمپنیز کے متعلقہ اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے پر غور کر رہی ہے۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں سٹیٹ بینک کے نمائندے بن کر فون کال کرنے والے، موبائل سم کارڈ ایکٹیویٹ کرنے والے اور انگوٹھوں کے نشان بنانے والے ماہر ملزمان بھی شامل ہیں۔فیض اللہ کوریجو کے مطابق ایف آئی اے اور حساس اداروں نے پنجاب کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بھی کارروائیاں کی ہیں۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزمان گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، خیرپور ٹامیوالی، بہاولپور، وہاڑی اور ملتان سے گرفتار کیے گئے ہیں۔

گینگ گرفتار

مزید :

صفحہ آخر -