قوم خبردار رہے،حکومت منی بجٹ لائیگی،چور دروازے سے ٹیکس بھی لگائے گی:شہباز شریف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) صدرمسلم لیگ (ن)،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت یہ نہیں بتا رہی 27 فیصد رقم ٹیکس کے ذریعے کیسے جمع کی جائے گی، قوم کو خبردار کر رہا ہوں حکومت نہ صرف منی بجٹ لائیگی، بلکہ چور دروازے سے مزید ٹیکس لگائے گی۔آئندہ مالی سال کیلئے پیش کردہ وفاقی بجٹ میں بنیادی اور عوامی ریلیف کے شعبہ جات نظرانداز کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کا کہنا تھا کورونا کی آمد سے پہلے ہی گزشتہ برس زرعی پیداوار میں 2.9 فیصد کمی ہوچکی تھی، 6 اعشاریہ 9 فیصد کپاس کی پیداوار میں کمی کا مطلب ہے ٹیکسٹائل برآمدات میں بھی کمی ہوگی، بجٹ میں غریب اور محنت کش طبقات کیلئے کچھ بھی نہیں، پی ایس ڈی پی اور ترقی اخراجا ت کہاں ہیں جن سے روزگار ملے اور ملک میں ترقی ہو؟ آئندہ سال اور بھی سخت اور مشکل ہوگا۔ پی ایس ڈی پی کی رقم میں اضافہ اور تخلیقی پروگرام درکار تھے تاکہ لوگوں کو روزگار ملتا، غربت میں کمی آتی، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں 701 ارب سے مزید کمی کر کے 650 کر دیا گیا، بجٹ میں سماجی تحفظ کی رقم 245 سے مزید کم کر کے 230 ارب کر دی گئی ہے، کورونا وبا کی صورتحال درپیش ہے جبکہ حکومت نے سماجی تحفظ کی رقم میں کٹوتی کر دی ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 7.8 فیصد کی بڑی کمی ہوچکی ہے جس کی بحالی کیلئے بجٹ میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
شہباز شریف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لاؤ جیان ژاو نے ٹیلیفون کیا اور علاج سے متعلق حکومت چین کی طرف سے تعاون کی پیشکش کی۔شہبازشریف کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لاو جیان ڑاو نے ٹیلی فون کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کورونا پازیٹو ہونے پر بڑی تشویش ہے، جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں۔چین کی طرف سے علاج کے پیشکش کرنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے چین کی حکومت، قیادت اور لاو جیان ژاو کا شکریہ ادا کیااورکہا میرے لئے بیجنگ حکومت کی فکر مندی اور پیشکش چین کی پاکستان کے عوام سے محبت، عظیم وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔ چین کی یہ محبت، احساس اور وابستگی میرے لئے ہمیشہ سرمایہ افتخار ہے۔
چین پیشکش