کورونا وباء پر سیاست چمکانے والے اپوزیشن رہنماؤں کو عوام معاف نہیں کرینگے:عثمان بزدار

  کورونا وباء پر سیاست چمکانے والے اپوزیشن رہنماؤں کو عوام معاف نہیں ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا جیسی وبا پر رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے، اہم ترین قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں نے پوائنٹ سکورنگ سے گریز نہیں کیا، قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے خالی نعرے لگا کر کورونا کے خلاف ”مہم“چلائی اس لئے22کروڑ عوام اپوزیشن جماعتوں کی منفی سیاست سے متنفرہوچکے ہیں۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ کورونا وباء میں متاثرہ لوگو ں کو تنہا چھوڑ کر اپوزیشن جماعتیں سیاست چمکانے میں مصروف رہیں،اپوزیشن کے پاس کورونا کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن کے تحفظ کا ایجنڈا ہے لہٰذامشکل وقت میں دکھی انسانیت کو اکیلا چھوڑ نے والے اپوزیشن رہنماؤں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ہر فیصلہ مشاورت سے کیا اور تحریک انصاف کی حکومت متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال،کورونا سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیرحماد اظہر اوران کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی۔انہوں نے کہاکہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سروسز ہسپتال لاہور کی میڈیکل ایمرجنسی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کرکے ایک روزمیں رپورٹ پیش کی جائے اور متاثرہ مریضوں کو دیگر وارڈز میں شفٹ کر کے انہیں ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -