امریکہ کی کورونا وباء اور ہنگاموں سے واپسی ہو رہی ہے:صدر ٹرمپ

امریکہ کی کورونا وباء اور ہنگاموں سے واپسی ہو رہی ہے:صدر ٹرمپ

  

واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کی کورونا وائرس کی وباء اور اب ایک سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے پھوٹنے والے ہنگاموں کے بعد واپسی ہو رہی ہے۔”فوکس نیوز“ ٹی وی چینل سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہمارے پاس چین سے ایک ”طاعون“ پہنچی جو 186ملکوں میں بھی تباہی کا باعث بنی ”ہمیں یقینا اس نے دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ شدید ضرب لگائی، تاہم اب ہماری اس سے واپسی کا عمل جاری ہے اور اس کے بعد ہنگاموں کا سلسلہ شروع ہوا جو غیر ضروری حد تک بڑھ گیا۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ کورونا کی وباء آنے سے قبل ہماری معیشت تاریخ کی عظیم ترین سطح تک پہنچ چکی تھی لیکن کورونا کے خوفناک ”طاعون“ نے اسے بہت نقصان پہنچا دیا اس کے علاو ہ بے شمار جانوں کا ضیاع ہو گیا ہے جن کی کبھی تلافی نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ سال بہت زبردست سال ثابت ہو گا لیکن ضائع ہونے والی جانوں کا متبادل نہیں مل سکے گا۔صدر ٹرمپ نے جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے پھوٹنے والے ہنگاموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پولیس افسر کے ہاتھوں اس سیاہ فام پر تشدد کی ویڈیو دیکھی جو بالکل درست نہیں تھا تاہم ان کے خیال میں اس کے بعد جو ہنگامے شروع ہوئے جن میں شریک ہونے والے بہت سے لوگوں کو علم نہیں تھا کہ وہ کیوں شریک ہوئے ہیں، صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان ہنگاموں میں پولیس کی اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا جس سے وہ اتفاق کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ

مزید :

صفحہ اول -