ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز کی تعداد 2ہزار 327ہو گئی

  ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز کی تعداد 2ہزار 327ہو گئی

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3858 تک جاپہنچی ہے جن میں سے ابتک 36 زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3 ہزار 858 تک جاپہنچی ہے ان میں 2 ہزار 327 ڈاکٹرز، 476 نرسز اور دیگر عملے کے ایک ہزار 55 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ ہیلتھ ورکرز میں سے 3 ہزار 110 دیگر مقامات پر ڈیوٹی پر مامور تھے، ان میں سے 748 افراد انتہائی نگہداشت سینٹرز میں فرائض سر انجام دے رہے تھے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 1456 ہیلتھ کئیر ورکرز صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 2 ہزار 100 ہیلتھ ورکرز اس وقت گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں، 266 ہیلتھ ورکرز مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں 263 ہیلتھ ورکرز کی حالت بہتر ہے۔ ہسپتالوں میں داخل 3 ہیلتھ کئیر ورکرز تشویشناک حالت ہونے کے باعث وینٹی لیٹرز پر ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 36 ہیلتھ ورکرز زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سندھ کے 14، خیبر پختونخوا کے 7، پنجاب کے 6، بلوچستان کے 5 جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 2،2 ہیلتھ ورکر شامل ہیں۔

کورونا رپورٹ

مزید :

صفحہ اول -