غیر معیاری پنیر اور دہی تیار کرنیوالا گروہ گرفتار
پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے غیر معیاری پنیر اور دہی تیار کر کے شہر بھر کو سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار کرلیا جبکہ 16قصائیوں کے خلاف گرانفروشوں پر متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری خوراک نثار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر وحید یوسف نے یکہ توت اور دلہ زاک روڈ میں کارروائیاں کرتے ہوئے کیمیکل سے پنیر تیار کرنے اور دلہ زاک روڈ پر غیر معیاری پاؤڈر ملا دہی تیار کرنے پر ڈیلرز کو گرفتار کرلیا گیا۔ بعد ازاں حیات آباد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چھوٹا گوشت فی کلو 1150 روپے میں فروخت کرنے پر 6 قصابوں کو گرفتار کرلیا جبکہ خزانہ کے علاقے واحد گڑھی اور دیگر علاقوں سے10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ خوراک کے ڈائریکٹر محمد زبیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیمیکل سے پنیر اور پاؤڈر ملا دہی تیار کرنیوالا گروہ پورے شہر کو غیر معیاری پنیر اور دہی سپلائی کرتا تھا جس کے خلاف عوامی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے جس کے تحت شہر بھر میں کارروائیاں جاری ہیں اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی کسی کے ساتھ رعایت برتی جائیگی۔