دادی سے زیادہ پیار کیوں، ماں نے 6 سالہ بچے کو قتل کر دیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک ماں نے دادی سے زیادہ پیار کرنے پر اپنے 6 سالہ بچے کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا جبکہ خود دوسری منزل سے کود گئی۔
ایک بھارتی نیوز ویب سائٹ کے مطابق بھارتی شہر جلندھر کی30 سالہ رہائشی کلوِندر کور اپنے 6 سالہ بیٹے کے دادی سے والہانہ پیار کرنے پر پریشان تھی، کلوِندر کور نے اسی جلن میں اپنے بیٹے کو چھریوں کے وار سے پہلے قتل کیا اور بعد میں عمارت کی دوسری منزل سے خود کشی کی غرض سے چھلانگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کلوِندر کور کی جان بچ گئی اور وہ ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ اس کا 6 سالہ بیٹا ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کلوِندر کور کا شوہر بیرون ملک اٹلی میں رہتا ہے جبکہ وہ اپنے سسرالیوں کے ساتھ رہتی ہے، کلوِندر کور کے اپنی ساس کے ساتھ تعلقات خراب تھے اور وہ اپنے بیٹے کے زیادہ وقت دادا دادی کے ساتھ گزارنے پر پریشان اور حسد میں مبتلا تھی۔