"میں ارطغرل غازی کی محبت میں گرفتار ہوگئی ہوں" معروف پاکستانی اداکارہ چپ نہ رہ سکیں
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود کی جانب سے شہرہ آفاق ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کے لیے ایک تعریفی پیغام سامنے آیا ہے۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جویریہ سعود نے ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے پوسٹر کی ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے اس ترکش سیریز کی تعریف میں اپنا ایک پیغام بھی لکھا۔
جویریہ سعود نے لکھا کہ ’میں ارطغرل غازی کی محبت میں گرفتار ہوگئی ہوں، اِس ترک سیریز نے میری روح کو چھویا ہے۔‘
اداکارہ و میزبان نے لکھا کہ ’اس ترکش سیریز میں دین اسلام، ایک حقیقی مسلمان اور مسلمان کی سنتوں کو ایک عمدہ انداز میں پیش کیا گیا ہے جو مغربی سامعین تک با آسانی پہنچ سکتا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ارطغرل غازی میں مسلمانوں کی وہ تاریخ دکھائی گئی ہے جو اکثر مغربی ثقافتی تاریخ میں ہمیں دیکھنے کو نہیں ملتی۔‘
جویریہ سعود نے لکھا کہ ’ترکش سیریز میں ہر ایک چیز بڑے ہی بہترین انداز میں پیش کی گئی ہے جیسے ان کا اللّہ پر یقین، ان کا مضبوط ایمان، خوشی ہو یا غم ہو اللّہ کو ہمیشہ یاد رکھنا، اسلام کا جھنڈا پوری دنیا میں لہرانے کی خاطر شہید ہونا۔‘انہوں نے لکھا کہ ’اور ان کے خوبصورت لباس، خود اپنے ہاتھوں سے جنگی ہتھیار بنانا، جانوروں کے ریوڑ سے لیکر روز مرہ کی غذا تک ہر ایک چیز بہت عمدہ طریقے سے دکھائی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو اردو زبان میں ڈب کرکے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔اردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے ناصرف پاکستانی عوام کو بلکہ شوبز فنکاروں کو بھی اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔