کیا کورونا وائرس سے متاثرہ مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں؟

کیا کورونا وائرس سے متاثرہ مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جنیوا(ڈیلی پاکستان آن لائن)کیا کورونا وائرس سے متاثرہ مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں؟ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس کا جواب ہاں میں ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا مائیں اپنے نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پہلی بار یہ باضابطہ اعلان کیاگیاہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اب تک کی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ماؤں کے دودھ میں کورونا موجود نہیں رہتا۔کورونا میں مبتلا نئی ماؤں کو نوزائیدہ بچوں کو لازمی طور پر اپنا دودھ پلانا چاہیے اور انہیں اپنے بچوں سے الگ بھی نہیں کیا جانا چاہیے۔

اگرچہ پہلے بھی عالمی ادارہ صحت سمیت اقوام متحدہ کی بچوں سے متعلق ذیلی تنظیم یونیسیف کے علاوہ دیگر عالمی اداروں کے ماہرین بھی کہہ چکے تھے کہ کورونا کے خوف سے مائیں بچوں کو دودھ پلانا بند نہ کریں تاہم یہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ عالمی ادارے نے ماؤں کو اپنے بچوں کو خود دودھ پلانے پر زور دیا ہے۔