بارش……  بجلی کا بریک ڈاؤن!

بارش……  بجلی کا بریک ڈاؤن!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


شدید گرمی کے بعد وسطی پنجاب کے اکثر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، درجہ حرارت میں معقول کمی ہو گئی اور ٹھنڈی ہواؤں نے فرحت کا احساس دلایا، تاہم معمول کے مطابق بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، فیڈر ٹرپ کر گئے، ترسیلی تاریں ٹوٹ کر گر گئیں، کئی کئی گھنٹے تک برقی رو بحال نہ ہو سکی، محکمہ موسمیات نے گھٹن کے اِس ماحول میں بارش کی پیشگوئی کی اور دو روز تک جاری رہنے کا بتایا، اس کے ساتھ ہی یہ بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ برسات کا موسم جون کے آخری ہفتے سے شروع ہو گا،غیر معمولی اور گزشتہ سیزن کی نسبت زیادہ بارشوں کی توقع ہے، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آئے گی اور دریا سیلابی صورتِ حال اختیار کر سکتے ہیں، کراچی والوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ رواں سال میں پھر زیادہ برسات ہو گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کی طرف سے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث گرمی سے نجات پر شہریوں نے سُکھ کا سانس لیا تاہم بجلی کی خرابی کا دورانیہ6سے10گھنٹے تک طول پکڑنے سے پریشانی، تکلیف میں بدل گئی۔ محکمہ موسمیات کی اطلاع اور این ڈی ایم اے کے الرٹ سے یہ توقع ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے اپنے طور پر موسم کی تبدیلی کا سامنا کرنے کے لئے تیاری کر لیں، قدرت کے نظام کے طور پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سندھ کے علاقے تھر اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا بھی امکان ہے،شہریوں کو بھی خبردار رہنا ہو گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -