حکومت  نے عوام دشمن بجٹ کی ہیٹرک کر لی، ان کا آؤٹ ہونا قریب ہے: سراج الحق 

حکومت  نے عوام دشمن بجٹ کی ہیٹرک کر لی، ان کا آؤٹ ہونا قریب ہے: سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر ملک میں بے روزگاری، مہنگائی کی تیسری لہر آنے والی ہے۔ حکومت نے عوام دشمن بجٹ کی ہیٹرک مکمل کرلی،اب ان کا آؤٹ ہونا قریب ہے۔ جس طرح تین سالہ دور حکومت میں کسی ادارے میں بہتری نظر نہیں آرہی، اسی طرح غریب عوام کے لیے اس بجٹ میں کچھ بھی نظر نہیں آرہا۔ وفاقی وزراء کی گفتگو سے لگتاہے کہ وہ کسی اور دنیا میں رہتے ہیں۔ موجودہ صورتحال سے ان کا آگاہ نہ ہوناحقائق کو سمجھنے کے لیے کافی ہے۔ قومی سلامتی کے دشمن بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے وزیرخارجہ کے بیان سے تشویش میں اضافہ ہوا۔ اس حوالے سے حکومت قوم کو اعتماد میں لے اور تمام تر حقائق سے آگاہ کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع دیرکی تحصیل ثمر باغ میں کارکنان اور تحصیل منڈا کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہاکہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ زمینی حقائق کے بالکل منافی ہے جب تک اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات کیخلاف اقدامات ختم نہیں ہوتے، ملک میں خوش حال نہیں آسکتی۔ عوام کا خون نچوڑ کر سود کی صورت میں ادا کیا جارہاہے۔ گزشتہ اور موجودہ حکومت نے اس سے نجات کے لیے کوئی لائحہ عمل ترتیب نہیں دیا۔ امیر جماعت نے کہاکہ حکومت کے تین سالوں میں مزیددو کروڑ سے زائد لوگ خط غربت کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہواہے اور لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اپنے تمام دعوؤں کی ہمیشہ نفی کی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا اعلان ان کو ہر روز شرمندہ کر رہاہے۔ روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی ہوئی۔ایک سال میں کئی دفعہ قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ مافیاز کا راج رہا جو تاحال جاری ہے۔ حکومت بالکل بے بس ہے۔ ان کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف اور مافیاز کی موجودگی میں حکومت ربڑ سٹمپ سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -