صارفین کی کالز نہ سننے والے لیسکو افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ 

صارفین کی کالز نہ سننے والے لیسکو افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 لاہور(انور کھرل)چیف انجینئر آپریشن لیسکونے صارفین کی کالز نہ سنی جانے کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔کالز نہ سننے والے لیسکو افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ، متعلقہ لیسکوافسران کو دفاتر میں موجود رہ کر صارفین کی شکایات سننے سمیت بجلی کا ترسیلی نظام بحال رکھنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق گرمی، بارش اور آندھی کے دوران بجلی کی بندش پر صارفین بلز پر درج نمبروں پر کالز کرتے ہیں تو واپڈا افسران کال اٹینڈ ہی نہیں کرتے یا پھر موبائل فونز بند کر لیتے ہیں جس پر صارفین سراپا احتجاج بن کررہ گئے ہیں اور پریشان حال صارفین نے چیف انجینئر آپریشن تک شکایات پہنچا دی ہیں جس پر چیف انجینئر آپریشن رانا ایوب نے نوٹس لیتے ہوئے صارفین کی کالز نہ سننے والے لیسکو افسران جن میں ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز شامل ہیں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن کا اجراء بھی متوقع ہے۔چیف انجینئر آپریشن لیسکو رانا ایوب نے کہا ہے کہ شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش اور لوڈشیڈنگ کا معاملہ چل رہا ہے۔ جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس صورتحال میں لیسکو کے متعلقہ افسران کا صارفین کی کالز نہ سننا غیر مناسب ہے جس پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ چیف انجینئر آپریشن نے مزید کہا کہ سرکلز، ڈویژنز اور سب ڈویژنز افسران کو آندھی اوربارش کے دوران دفاتر میں موجود رہنا ہو گا اور فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھ کر بجلی کے ترسیلی نظام کو ہر ممکن بحال رکھنا ہو گا۔ کالز کرنیوالے صارفین کو بجلی کی فراہمی اور بحالی بارے آگاہ کرنا ہو گا۔ اس پر عملدرآمد نہ کرنے والے لیسکو افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب صارفین نے چیف انجینئر آپریشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لیسکو افسران کو کالز سننے کے لئے پابند بنایا جانا ایک احسن اقدام ہے۔ اگر اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تو بجلی کی بندش اور خرابیوں سے متعلقہ شکایات پر ایکشن ہو گا اور مسائل و پریشانیوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
 لیسکو افسران 

مزید :

صفحہ آخر -