سعودی قیادت اور عوام نے ہمیشہ حجاج اور زائرین کی خدمت کی ہے: طاہر اشرفی

      سعودی قیادت اور عوام نے ہمیشہ حجاج اور زائرین کی خدمت کی ہے: طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(این این آئی)پاکستان سعودی عرب کی طرف سے حج کے فیصلہ کی تائید کرتا ہے، کورونا کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے مناسب اور درست فیصلہ کیا گیا ہے، سعودی عرب کی قیادت اور عوام نے ہمیشہ حجاج اور زائرین کی خدمت کی ہے، شریعت اسلامیہ اضطراری حالت میں اس طرح کے فیصلے کی اجازت دیتی ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے نجی دورہ پر سعودی عرب روانگی کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک فریضہ ہے جس کو استطاعت کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، استطاعت میں سفر کا امن، صحت، سفری اخراجات اور اہل و عیال کے پاس اخراجات کا مکمل ہونا ہے، موجودہ حالات میں کورونا کی وبا ء کی وجہ سے سفر میں بھی مشکلات ہیں اور صحت کے احوال بھی قابل اطمینان نہیں ہیں لہٰذا سعودی عرب کی حکومت نے دنیا اسلام کے مذہبی قائدین کی مشاورت سے جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے اور حکومت پاکستان، دارالافتا پاکستان، پاکستان علما کونسل سمیت تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ اس کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں 60 ہزار حجاج کیلئے انتظامات کرنا بھی سعودی حکومت کے بہترین کارناموں میں سے ایک ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے درمیان رابطہ موجود ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ حجاج و زائرین کے معاملہ میں امت مسلمہ کے قائدین اور اسلامی ممالک کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں۔ 
طاہر اشرفی 

مزید :

صفحہ آخر -