عالمی اداروں کا بدعنوانی کیخلاف حکمت عملی کو سراہنا کامیابی ہے،چیئرمین نیب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا ہے عالمی اقتصادی فورم اور ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کا لوگوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر نیب کی آگاہی حکمت عملی کو سراہنا نیب کی شاندار کامیابی ہے۔ نیب مختلف سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا، سوسائٹی اور معاشرہ کے دیگر طبقا ت سے مل کر کام کر رہا ہے ملک بھر کے سکولوں اور کالجوں میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا بدعنوانی تمام بیماریوں کی جڑ ہے،اس سے اقربا پروری اور میرٹ کو نظرانداز کرنے، شفافیت اور احتساب سمیت متنوع مسائل جنم لیتے ہیں۔نیب کے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن گیا ہے۔فیڈرل فلم سنسر بورڈ کے تعاون سے نیب کا ویڈیو پیغام بدعنوا نی سے انکار ملک بھر کے تمام سینما گھروں میں دکھایا جاتا ہے۔ نیب کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ نیب نے 2021کے دوران بھی اس آگاہی مہم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششیں تمام اسٹیک ہولڈرز، سول سوسائٹی، میڈیا اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی مدد سے ہرقسم کی بدعنوانی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
چیئرمین نیب