پیسے صوبے کماتے ہیں ، وفاق کی غلط فہمی ہے کہ وہ مائی باپ ہے ، سعید غنی
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا کہ صوبے پیسے کماتے ہیں اور وفاق انہیں تقسیم کر کے دیتا ہے ، یہ تاثر غلط ہے کہ وہ مائی باپ ہے اور جو پیسے بھیجتے ہیں اس کا حساب لیں گے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ حساب لینے کا طریقہ کار موجود ہے اگر کوئی ہم سے حساب مانگتا ہے تو پہلے وفاق حساب دے کہ جو پیسے اسے دیے جاتے ہیں وہ کہاں پر کس طرح خرچ ہوتے ہیں ، جن کوئی وفاقی وزیر کراچی آتا ہے خصوصاً وہ جن کا کراچی سے تعلق ہی نہ ہو تو وہ عجیب وائسرائے کی صورت میں آتے ہیں ، ان کے ذہن میں بھری ہوئی ہوا غلط ہے ۔
سعید غنی نے کہا کہ فواد چودھری صاحب ماضی میں بھی جب جب آئے تو پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوشش کرتے ہیں ، کبھی گورنر راج کی بات کرتے ہیں ، ہمارے وزیر اعلیٰ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی نسبت زیادہ متحرک ،تجربہ کار اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ہیں ۔
سعید غنی نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ مراد علی شاہ وزیر اعظم سے بھی زیادہ بہتر طور پر آئین کو سمجھتے ہیں، جو معلومات کسی وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ میں ہونے چاہئے تو وہ تمام مراد علی شاہ کے پاس وزیر اعظم سمیت دیگر سے زیادہ ہیں ۔ آرٹیکل 140 اے سے متعلق سعید غنی نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کا حق ہے ، پنجاب کی حکومت نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی حکومت اس لئے ختم کر دی کہ اکثریت پاکستان مسلم لیگ ن کی تھی ، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مدت پوری کرنے کے بعد عرصہ گزر گیا مگر دوبارہ الیکشن نہیں کرا رہے، وہ ایسی صوبائی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی ٹرم پوری کی اور دوسری کی جانب جا رہے ہیں ، ہم انتخابی اصلاحات بھی کر رہے ہیں ، ان کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں ۔