پنجاب پولیس کا احسن اقدام ، صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سندس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پرخون کے عطیات دینے کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کی پولیس لائنز اور دفاتر میں سندس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔
سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کیمپ میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا، اے آئی جی ایڈمن سید توصیف حیدر، اداکار خالد عباس ڈار اور اینکر پرسن سہیل وڑائچ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا کا کہنا تھا کہ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پرپنجاب پولیس کی تمام فیلڈ فارمیشنز اور اضلاع میں بلڈ ڈونیشن کیمپ لگائے گئے ہیں۔پولیس فارمیشنز میں اس دن کو منانے کا مقصد جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے خون کے عطیات اکٹھا کرنا ہے۔نجاب پولیس کے زیر اہتمام لگا ئے گئے کیمپس میں مجموعی طور پر سینکڑوں ملازمین خون کے عطیات دیں گے۔
صدر سندس فاؤنڈیشن یٰسین خان کا کہنا تھا کہ خون کے عطیات جمع کرنے میں پولیس جوانوں کا جوش و جذبہ اور تعاون دیگر اداروں کیلئے روشن مثال ہے۔پولیس اہلکاروں کے عطیات تھیلیسیما سمیت دیگر امراض میں مبتلا بچوں کو زندگی کی آکسیجن مہیا کریں گے۔ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے۔