ایجوکیشن یونیورسٹی کی سکالر نے نصاب تیاری کا آن لائن مقابلہ جیت لیا
لاہور (لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کی ایم فل اسکالرز نے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آن لائن ایجوکیشن (IIOE) پروگرام کے تحت نصاب کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ آن لائن مقابلہ جیت لیا۔ اس مقابلہ میں ایشیاء کے 45 ممالک کے 2 سو سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔
آن لائن مقابلہ کے نتائج کے مطابق یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عائشہ محمود کی زیرنگرانی ایم فل اسکالرز سعدیہ نواز اور قرۃ العین ثروت نے بالترتیب پہلی اور خصوصی پوزیشنیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام یونیسکو کے تعاون سے پاکستان میں شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی آن لائن تدریسی مہارتیں بڑھانا اور انہیں عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے مقابلہ جیتنے والی ایم فل اسکالرز کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں اپنے آفس بلا کر سرٹیفکیٹ عطا کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ یونیسکو کے تعاون سے وطن عزیز میں شروع ہونے والا انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آن لائن ایجوکیشن پروگرام اساتذہ کی تربیت اور صلاحیتیں نکھارنے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس سے ہمیں بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔